28 نومبر 2015 - 08:01
امریکا میں فائرنگ

امریکی ریاست کولوراڈو میں فیملی پلاننگ سینٹر میں فائرنگ سے تین افراد ہلاک اور کم از کم نو زخمی ہوگئے۔

اہل بیت(ع) نیوز ایجنسی ۔ ابنا ۔ کی رپورٹ کے مطابق امریکی ریاست کولوراڈو کے فیملی پلاننگ سینٹر (پلینڈ پیرنٹ ہڈ کلینک) میں مسلح حملہ آور کی فائرنگ سے 3 افراد ہلاک اور 9 زخمی ہوگئے، جبکہ پولیس نے کئی گھنٹے کی کوششوں کے بعد حملہ آور کو گرفتار کرلیا۔ ایسوشی ایٹیڈ پریس کی رپورٹ کے مطابق کولوراڈو کے فیملی پلاننگ سینٹر میں ایک مسلح شخص نے گھس کر فائرنگ شروع کردی۔

گولیاں لگنے سے کئی افراد زخمی ہوگئے- ہلاک ہونے والوں میں ایک پولیس آفیسر اور دو عام شہری شامل ہیں، جبکہ زخمی ہونے والے نو افراد میں میں سے پانچ پولیس اہلکار ہیں۔پولس ترجمان کے مطا بق حملہ آور نے 5 گھنٹے تک میڈیکل سینٹر کے عملے اور مریضوں کو یرغمال بنائے رکھا ،اس دوران پولیس حکام حملہ آور کو ہتھیار ڈالنے پر آمادہ کرنے کی کوشش کرتے رہے۔ جس کے بعد اس نے ہتھیار ڈال کر گرفتاری دی۔

پولیس حکام اور شہر کے میئر کا کہنا تھا فیملی پلاننگ سینٹر پر حملے کی وجہ سامنے نہیں آسکی ہے تاہم اس سلسلے میں ملزم سے تفتیش کی جارہی ہے۔ -امریکی صدر بارک اوباما نے واقعے پر گہرے افسوس کا اظہار کرتے ہوئے اس طرح کے واقعات روکنے کے لیے سخت اقدامات اُٹھانے کا عندیہ دیا ہے۔

۔۔۔۔۔۔۔

/169